آپ کے خریداری کے حقوق

Skip listen and sharing tools

بحیثیت صارف میرے حقوق کے بارے میں ویڈیوز (انگریزی) - Consumer Affairs Victoria YouTube چینل

صارفین کے لئے آسٹریلوی قانون کے تحت آپ کے حقوق کے بارے میں معلومات

میں اپنی رقم کب واپس لے سکتا ہوں؟

اگر آپ کی خریدی ہوئی اشیاء کے ساتھ کوئی مسئلہ درپیش آئے تو ہوسکتا ہے کہ اسٹور کو ان کے بدلے نئی اشیاء، رقم کی واپسی، مرمت یا کسی اور قسم کا 'حل' فراہم کرنا ہو۔ دستیاب حل کی نوعیت کا دارومدار مسئلے پر ہوتا ہے۔

اسٹور کو کون سے مسائل حل کرنے چاہئیں؟

اس شئے میں نقص ہے

آپ کو نقص والی شئے واپس کرنے کا حق حاصل ہے، چونکہ یہ ضروری ہے کہ اشیاء اور خدمات قابل قبول معیار کی ہوں۔

مندرجہ ذیل صورتوں میں سمجھا جائے گا کہ شئے میں نقص ہے:

  • اگر شئے اپنا مطلوبہ کام نہیں کرتی – مثال کے طور پر، میرا ٹوسٹر بریڈ ٹوسٹ نہيں کرتا۔
  • اس میں کوئی خرابی ہے – میرے ٹوسٹر کی ناب خریدنے کی کچھ دیر بعد ہی گر گئی
  • شئے کی ظاہری حالت یا ہیئیت ناقابل قبول ہے – میرے ٹوسٹر پر رگڑ یا خراش ہے
  • شئے غیرمحفوظ ہے – میرے ٹوسٹر میں سے چنگاریاں نکلتی ہیں
  • شئے پائیدار نہیں ہے – خریدنے کے تین ماہ بعد ہی میرا ٹوسٹر خراب ہوگیا

آپ ایسی صورت میں شئےواپس کرنے کے اہل نہيں ہيں جب:

  • خریداری سے قبل اسٹور نے آپ کو پوشیدہ نقائص کے بارے میں بتا دیا ہو (یا شئے پر لکھ کر لگایا ہوا ہو)
  • آپ نے خریدنے سے قبل شئے کا جائزہ لیا ہو اور آپ کو وہ نقائص نظر نہ آئے ہوں جن پر آپ کا دھیان پڑنا چاہئے تھا
  • آپ نے شئے کو 'خلاف معمول' طریقے سے استعمال کیا ہو، یا
  • آپ نے شئے کو ایک لمبے عرصے تک استعمال کیا ہو۔

مجھے شئے استعمال کرنے کے بعد ہی پتہ چلا کہ اس میں نقص ہے

آپ نقص والی شئے کو اس صورت میں بھی واپس کرسکتے ہیں جب آپ نے:

  • اسے پہن لیا ہو یا استعمال کرلیا ہو
  • اس کے ٹیگ اور لیبل اتار دیئے ہوں، یا
  • اسے اس کی اصل پیکنگ میں سے نکال لیا ہو۔
میں نے ایک شرٹ خریدی اور اسے کچھ دفعہ پہنا، لیکن پہلی دفعہ دھونے پر ہی اس کا رنگ پھیکا پڑ گیا، حالاںکہ میں نے لیبل پر موجود ہدایات پر عمل کیا تھا۔

یہ شئے نمونے یا مظاہراتی ماڈل سے میل نہیں کھاتی

جب آپ نمونے یا مظاہراتی ماڈل کی بنیاد پر کوئی شئے خریدتے ہيں تو ضروری ہے کہ وہ اس نمونے سے میل کھاتی ہو۔ اگر شئے اس قدر مختلف ہو کہ آپ کو پتہ ہونے کی صورت میں آپ نے اسے نہیں خریدنا تھا تو آپ رقم کی واپسی کے مستحق ہیں۔

میں نے کپڑے کے نمونے کی بنیاد پر ایک صوفے کا آرڈر دیا تھا، لیکن جب وہ مجھے موصول ہوا تو اس کا رنگ نمونے سے مختلف تھا۔

یہ شئے اپنی تفصیل سے میل نہیں کھاتی

یہ ضروری ہے کہ شئے اپنی تفصیل سے میل کھاتی ہو(مثال کے طور پر، لیبل پر درج شدہ یا ٹی وی اشتہار میں بتائی گئی تفصیل)۔ اگر شئے اپنی تفصیل سے اس قدر مختلف ہو کہ آپ کو پتہ ہونے کی صورت میں آپ نے اسے نہیں خریدنا تھا تو آپ رقم کی واپسی کے مستحق ہیں۔

میں نے ایک بٹوہ خریدا تھا جس کے بارے میں اسٹور کے کیٹلاگ میں درج تھا کہ وہ 'چمڑے' کا ہے۔ میں جب گھر آیا تو مجھے معلوم ہوا کہ وہ تو دراصل وینائل کا تھا۔

یہ شئے وہ کام نہيں کرتی جو سیلز پرسن نے کہا تھا

آپ ایسی شئے کو واپس کرسکتے ہیں جو سیلز پرسن کی جانب سے بتایا جانے والا کام نہيں کرتی ۔

میں نے ایک گھڑی خریدی تھی، جس کے بارے میں سیلز پرسن نے کہا تھا کہ میں اسے غوطہ خوری کے دوران استعمال کرسکتا ہوں – لیکن جب میں اسے پہن کر سمندر میں گیا تو اس میں پانی بھر گیا۔

یہ شئے وہ کام نہیں کرتی جس کے بارے میں میں نے کہا تھا

آپ ایسی شئے کو واپس کرسکتے ہیں جو ایک مخصوص کام نہيں کرتی یا مخصوص مقصد حاصل نہيں کرتی اگر:

  • خریدنے سے قبل، آپ نے سیلز پرسن کو بتایا تھا کہ آپ اس شئے سے کیا حاصل کرنا چاہتے ہيں، اور
  • شئے کا انتخاب کرتے ہوئے آپ نے اسٹور کی تجویز پر انحصار کیا تھا۔
میں نے کار ڈیلر سے کہا تھا کہ مجھے ایسی کار کی ضرورت ہے جو ایک کشتی کو کھینچ سکے۔ ڈیلر نے مجھے ایک گاڑی یہ کہتے ہوئے بیچ دی کہ وہ گاڑی ایسا کرے گی۔ اس رات میں نے حفاظتی کتابچہ پڑھا اور مجھے معلوم ہوا کہ نئی کار کسی کشتی کو باحفاظت نہيں کھینچ سکتی۔

میں نے اپنا ذہن تبدیل کرلیا

اگر کسی شئے کے بارے میں آپ نے اپنا ذہن بدل لیا ہے تو اسٹور کے لئے ضروری نہيں ہے کہ وہ اس شئے کو واپس لے لے۔ تاہم، کچھ اسٹورز کی اپنی اسٹور پالیسی ہے جس کے مطابق وہ 'ذہن بدلنے' کی صورت میں رقم کی واپسی، دوسری شئے یا کریڈٹ نوٹ کی پیشکش کرتے ہیں۔

میرے پاس رسید نہيں ہے

آپ کو ثابت کرنا ہوگا کہ شئے اس کاروباری ادارے سے خریدی گئی تھی۔ اگر آپ کے پاس کیش رجسٹر کی رسید نہ ہو تو آپ، مثال کے طور پر، مندرجہ ذیل دکھا سکتے ہیں:

  • کریڈٹ کارڈ کی اسٹیٹمنٹ
  • شئے کی تاخیر سے خریداری (lay-by) کا معاہدہ
  • فون یا آن لائن خریداری کی صورت میں کنفرمیشن یا رسید نمبر۔

مجھے یہ شئے تحفے میں ملی ہے

اشیاء کی رقوم واپس حاصل کرنے کے سلسلے میں تحفے وصول کرنے والے افراد کے وہی حقوق ہيں جو براہ راست خریدنے والے صارفین کے ہیں – لیکن آپ صرف اسی صورت میں شئے واپس کرسکتے ہیں جب آپ کے پاس خریداری کیا ثبوت ہو۔ اوپر دیکھیں۔

میں نے یہ شئے سیل سے خریدی تھی

سیل والی اشیاء کی واپسی کے سلسلے میں آپ کے وہی حقوق ہیں جو پوری قیمت والی اشیاء کی صورت میں ہوتے ہيں۔ اسی لئے 'سیل والی اشیاء کی واپسی ناقابل قبول ہے' کا سائن لگانا غیرقانونی ہے۔

تاہم، آپ ان مسائل کے لئے شئے کو واپس نہيں کرسکتے جن کے بارے میں اسٹور نے آپ کو بتا دیا تھا، یا شئے کا معائنہ کرنے کے دوران جن پر آپ کا دھیان جانا چاہئے تھا – مثال کے طور پر، ایک شرٹ کے ساتھ لگا ہوا ٹیگ جس پر 'کم قیمت – نقص والی سلائی' لکھا ہو۔

'سیل والی' اشیاء کی مثالوں میں مندرجہ ذیل اشیاء شامل ہیں:

  • جن کی قیمت میں چھوٹ ہو
  • جو 'نمونے اور استعمال شدہ' اشیاء کے ریک پر رکھی ہوں
  • جو فیکٹری کے آؤٹ لیٹ سے خریدی گئی ہوں

میں نے استعمال شدہ شئے خریدی تھی

ایک اسٹور سے: استعمال شدہ اشیاء کی واپسی کے سلسلے میں آپ کے وہی حقوق ہیں جو نئی اشیاء کی صورت میں ہوتے ہيں، لیکن آپ کو خریداری کے وقت پر شئے کی عمر، قیمت اور حالت کو مدنظر رکھنا ہوگا

ایک نجی فروخت کنندہ سے: فروخت کنندہ اس بات کا پابند نہيں ہے کہ آپ نے اس سے جو شئے خریدی ہے وہ اس کی قیمت واپس کرے، اس کے بدلے نئی شئے دے یا اسے مرمت کروا کر دے (مثال کے طورپر، گیراج سیل سے یا کلاسیفائیڈ اشتہارات سے خریدی گئی اشیاء)

میں نے یہ شئے آن لائن خریدی ہے

اگر آپ نے شئے آسٹریلوی کاروباری ادارے سے آن لائن خریدی ہے تو اس کی واپسی کے سلسلے میں آپ کے وہی حقوق ہیں جو دکان سے خریداری کی صورت میں ہوتے ہيں – ماسوائے اس صورت کے جب آپ نے شئے نجی فروخت کنندہ سے خریدی ہو۔ اوپر دیکھیں۔

میں کسی حل کا حقدار ہوں۔ کیا میں شئے کی قیمت واپس لے سکتا ہوں، شئے کو مرمت کروا سکتا ہوں یا اس شئے کے بدلے نئی شئے لے سکتا ہوں؟

اس بات کا انحصار اس بات پر ہے کہ آیا مسئلہ:

بڑا ہے –شئے ٹھیک نہیں ہوسکتی، یا اسے ٹھیک کرنے میں بہت وقت لگے گا یا بہت مشکل پیش آئے گی

آپ مندرجہ ذیل کا انتخاب کرسکتے ہيں:

  • شئے واپس کردیں اور رقم واپس لے لیں یا اس کی جگہ نئی شئے لے لیں، یا
  • شئے کو اپنے پاس ہی رکھیں لیکن اس کی قیمت گرنے کی وجہ سے کچھ رقم لے لیں۔

چھوٹا ہے – یہ مناسب وقت کے دوران حل کیا جاسکتا ہے

آپ کو اسٹور کو موقع دینا ہوگا کہ وہ شئے ٹھیک کردے۔ اسٹور رقم کی واپسی، شئے ٹھیک کروانے یا اس کی جگہ نئی شئے دینے کا انتخاب کرسکتا ہے۔ اگر اسٹور شئے کو ٹھیک کروانے کا انتخاب کرتا ہے تو یہ اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ شئے بنانے والے ادارے کو شئے واپس بھجوائے (اور اس سے معاملات کرے)۔

اگر اسٹور بہت زیادہ وقت لیتا ہے یا شئے کو ٹھیک کرنے سے انکار کرتا ہے تو آپ:

  • شئے واپس کرسکتے ہيں اور رقم کی واپسی یا نئی شئے لینےکے لئے کہہ سکتے ہيں، یا
  • شئے کسی اور سے ٹھیک کروا کر اسٹور سے مناسب اخراجات کی ادائیگی کا کہہ سکتے ہیں۔

مزید معلومات

مزید معلومات کے لئے، دیکھیں ہمارا خریداری کا سیکشن ۔

Skip video: My consumer rights - contracts (English)
Video skipped

My consumer rights - contracts (English)