متحرک فراڈیئے ایسے فریبی مزدور (tradesmen) ہوتے ہيں جو گھروں اور چھوٹے کاروباروں کی دہلیز پر جاکر مرمتی کام کرنے کی پیشکش کرتے ہیں۔
ایسے لوگ گرم موسم میں اور قدرتی آفات، جیسے سیلاب، آگ اور طوفان کے بعد زیادہ سرگرم دکھائی دیتے ہیں، جب ان آفات سے گھائل افراد اپنی املاک صاف کررہے ہوتے ہیں یا ان کی مرمت کررہے ہوتے ہیں۔
متحرک فراڈیئے کم قیمت میں ڈرائیو وے کی سطح کو نیا بنانے، رنگ وروغن کرنے، چھت کی مرمت کرنے اور کارپٹ صاف کرنے جیسی پیشکشیں کرتے ہيں۔ وہ اکثر اوقات 'یہ اسپیشل ریٹ صرف آج کے لئے ہے' جیسے طریقے آزما کر لوگوں پر دباؤ ڈالتے ہیں۔
آپ کو ان سے کیوں بچنا چاہئے؟
متحرک فراڈیئے کام شروع کرنے سے پہلے کیش رقم کا تقاضہ کرتے ہیں اور اکثر اوقات جوں ہی آپ انہیں رقم ادا کرتے ہیں وہ فورا غائب ہوجاتے ہیں۔
وہ اگر کوئی کام کریں بھی تو وہ اکثر اوقات غیر مکمل اور گھٹیا معیار کا ہوتا ہے۔
وہ جلد ہی اگلے علاقے میں نکل جاتے ہیں اور عموما صرف اپنا پہلا نام اور موبائل نمبر ہی فراہم کرتے ہیں – چنانچہ بعد میں ان سے رابطہ کرنا مشکل ہوتا ہے۔
آپ کو کس چیز کا دھیان رکھنا چاہئے؟
ایسے لوگوں کو مشکوک گردانیں جو:
- غیر متوقع طور پر آپ کے دروازے پر دستک دے کر مندرجہ ذیل کی پیشکش کریں:
- گھر کا رنگ و روغن
- آپ کے باغیچے میں کام کرنا یا درخت کاٹنا
- ڈرائیو ویز کی سطح کو پھر سے نیا بنانا
- آپ کا چھت ٹھیک کرنا
- سستی ڈیلز کی پیشکش کرتے ہوئے 'یہ پیشکش صرف آج کے لئے ہے' جیسے الفاظ استعمال کریں
- ایڈوانس میں کیش رقم طلب کریں
- آپ کو بینک لے جانے کی پیشکش کریں تاکہ آپ رقم نکلوا کر انہیں ادائیگی کرسکیں
- آپ پر دباؤ ڈالیں کہ آپ ان کی پیشکش قبول کرلیں
- یہ کہیں کہ وہ آپ کا کام ابھی کرسکتے ہیں کیونکہ ابھی قریب ہی انہیں ایک اور کام کرنا تھا جو کینسل ہوگیا ہے۔
اپنی حفاظت کرنا – متحرک فراڈیوں سے معاملات کرنے کے بارے میں مشورے
اگر آپ کو شبہ ہو کہ کوئی متحرک فراڈیا دستک دے رہا ہے تو جواب مت دیں۔
اگر آپ اس سے بات کریں بھی تو انہيں چلے جانے کے لئے کہیں۔ اگر وہ جانے سے انکار کرے تو وہ قانون کی خلاف ورزی کررہا ہے۔
سستی ڈیل کی پیشکش کے جھانسے میں نہ آئیں۔ لمبی مدت میں یہ مہنگی پڑ سکتی ہے۔
اگر آپ اپنے گھر میں کام کروانا چاہتے ہيں تو:
- مختلف جگہوں سے ایسے نرخ حاصل کریں جو آپ کے لئے ٹھیک ہوں
- ایک عرصے سے کام کرنے والے افراد کو استعمال کریں جو تحریری نرخ فراہم کریں
- ان سے پچھلے صارفین کے رابطہ نمبر مانگيں تاکہ آپ ان کے حوالہ جات چیک کرسکیں
- اس وقت تک کسی معاہدے پر دستخط نہ کریں جب تک کہ آپ اس کے لئے تیار نہ ہوں
- کام کرنے والے کا مکمل نام اور اس کی رجسٹریشن یا لائسنس کی تفصیلات (اگر لاگو ہوتا ہو) پوچھیں تاکہ آپ متعلقہ انڈسٹری اتھارٹی سے ان کی تصدیق کرواسکیں۔
- اس کا کاروباری فون نمبر مانگیں، تاکہ آپ کال کرکے اس بات کی تصدیق کرسکیں کہ وہ اس کاروباری ادارے کے لئے کام کررہا ہے۔
خاص طور پر قدرتی آفات کے بعد کیش کے بدلے مرمت کرنے کی ' صرف آج' کی پیشکشوں سے ہوشیار رہیں۔ قدرتی آفات کے بارے میں ہماری مشاورت کے لئے انگریزی میں لکھے گئے ہمارے Advice in a disaster صفحے پر جائیں۔
متحرک فراڈیوں کے خلاف ایکشن لینا
اپنی کمیونٹی کو ان فریبی لوگوں کے بارے میں آگاہ کرنے میں ہماری مدد کرنے کے لئے براہ مہربانی سوشل میڈیا اور فورمز پر اس صفحے کے لنک پوسٹ کریں۔ اگر آپ اپنے علاقے میں موجود متحرک فراڈیوں کے بارے میں جانتے ہيں:
- تو جس قدر ہوسکے ان کے بارے میں معلومات کا ریکارڈ بنائیں، جیسے ان کا نام اور گاڑی کا رجسٹریشن نمبر
- ان کے بارے میں مقامی پولیس کو آگاہ کریں