دروازے کی دہلیز پر اشیاء بیچنا

Skip listen and sharing tools

آسٹریلیا میں آپ کے حقوق

دروازے کی دہلیز پر اشیاء بیچنے سے کیا مراد ہے؟

دروازے کی دہلیز پر اشیاء بیچنے میں وہ لوگ شامل ہوسکتے ہیں جو:

  • آپ کو گھریلو استعمال کی اشیاء بیچنے کی کوشش کریں
  • آپ کے گھر میں مرمت کرنے کی پیشکش کریں
  • آپ سے اپنی گیس، بجلی اور انٹرنیٹ کمپنیاں بدلنے کا کہيں۔

سیلز پرسن میری دہلیز پر کب آسکتا ہے؟

سیلز پرسن کو آپ کی دہلیز پر ان اوقات میں آنے کی اجازت ہے:

  • سوموار تا جمعہ صبح 9:00 بجے سے شام 6:00 بجے تک
  • بروز ہفتہ صبح 9:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک

وہ اتوار اور عام تعطیل والے دن نہیں آسکتا۔

تاہم آپ کی اجازت سے کوئی سپلائر یا ایجنٹ آپ سے کسی بھی وقت مل سکتا ہے۔

دروازے کی دہلیز پر آنے والے سیلز پرسن کو کن قوانین کی پاسداری کرنی ہے؟

جب سیلز پرسن آپ کے دروازے پر آئے تو اسے:

  • آپ کو بتانا ہوگا کہ وہ آپ کے پاس کیوں آیا ہے
  • آپ کو اپنا اور جس کمپنی کے لئے وہ کام کرتا ہے اس کمپنی کا نام بتانا ہوگا
  • آپ کو بتانا ہوگا کہ وہ آپ کے کہنے پر چلا جائے گا (اگر آپ اس سے جانے کا کہيں گے تو وہ آپ سے دوبارہ کم از کم 30 دنوں تک رابطہ نہيں کرسکتا)
  • آپ کو معاہدہ ختم کرنے کے بارے میں آپ کے حقوق بتانے ہوں گے (اس میں یہ شامل ہونا چاہئے کہ آپ معاہدہ کیسے منسوخ کرسکتے ہیں)
  • اس معاہدے پر رابطے کی مکمل تفصیلات شامل کرنی ہوں گی جس پر اس نے اپنے سپلائر کی جانب سے دستخط کئے ہیں
  • آپ کو دستخط سے پہلے معاہدے کی ایک تحریری نقل فراہم کرنی ہوگی
  • معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد 10 دن تک آپ سے ادائیگی کا نہيں کہنا ہوگا
  • معاہدے پر دستخط کے بعد 10 دن تک 500 ڈالر سے زائد مالیت کی اشیاء فراہم نہیں کرنی ہوں گی
  • معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد 10 دن تک خدمات فراہم نہیں کرنی ہوں گی۔

میں سیلز پرسن کی پیشکش میں دلچسپی نہیں رکھتا – میں کیا کرسکتا ہوں؟

  • کہیں 'نہیں شکریہ' ۔
  • جو شخص آپ کے دروازے پر آیا ہے اس سے کوئی شئے خریدنے کے لئے دباؤ میں مت آئیں۔

ایسی صورت میں ہمیشہ 'نہیں' کہیں جب سیلز پرسن:

  • ایسی پیشکش کرے جو حقیقت سے بڑھ کر اچھی محسوس ہوتی ہو
  • کسی طرح کی اشیاء یا خدمات فراہم کرنے سے پہلے ہی ادائیگی کا کہے
  • ایسے انداز سے پیش آئے جس سے آپ مضطرب یا بے چینی محسوس کریں۔

ایسے افراد جو یہ ظاہر کريں کہ ان کا حکومت سے تعلق ہے

  • کوئي شخص آپ کے دروازے پر آتا ہے اور کہتا ہے کہ ان کا تعلق حکومت کے کسی ادارے سے ہے – جیسے کہ Australian Taxation Office یا Centrelink۔
  • وہ آپ کا ٹیکس ریٹرن ادا کرنے کے لئے یا آپ کی Centrelink ادائیگیاں بڑھانے کے لئے، مثال کے طور پر، آپ سے آپ کے بینک کی یا آپ کی ذاتی تفصیلات پوچھتا ہے۔
  • وہ ان معلومات کو آپ کے پیسے یا شناخت چوری کرنے کے لئے استعمال کرسکتا ہے۔

یاد رکھیں: اگر کوئی شخص آپ کے دروازے پر آئے اور دعوی کرے کہ اس کا تعلق حکومت سے ہے تو ہوشیار رہيں۔ ہمیشہ ان سے شناخت طلب کریں۔ زیادہ تر کیسوں میں حکومتی ادارے آپ سے اس طریقے سے رابطہ نہيں کرتے۔

میں سیلز پرسن کی پیشکش میں دلچسپی رکھتا ہوں ۔۔۔ مجھے کیا کرنا چاہئے؟

اگر آپ سیلز پرسن سے کچھ خریدنے پر راضی ہوتے ہیں تو آپ کو ایک معاہدے پر دستخط کرنے کے لئے کہا جائے گا۔ معاہدے ميں:

  • واضح اور آسان زبان تحریر ہو
  • تمام شقیں مکمل طور پر لکھی ہوئی ہوں
  • مکمل قیمت درج ہو، اور یہ بھی کہ اس قیمت کا تعین کیسے کیا گیا ہے
  • کسی بھی قسم کے پوسٹل اور ڈیلیوری اخراجات شامل ہوں
  • سیلز پرسن کا نام اور رابطے کی تفصیلات درج ہوں
  • اسپلائر کی تفصیلات درج ہوں بشمول اس کا پتہ اور رابطے کی تفصیلات
  • آپ کے اور سیلزپرسن کے دستخط ہوئے ہوں
  • لکھائی اور پرنٹنگ واضح ہو (تاہم کسی بھی قسم کی تبدیلیاں پین کی مدد سے کرکے ان پر دستخط کئے جاسکتے ہیں)
  • معاہدے کو منسوخ کرنے کے آپ کے حقوق درج ہوں
  • موجود مواد کو آسانی سے سمجھا جاسکتا ہو
  • ایک فارم ہو جس پر ذہن بدلنے کی صورت میں آپ کے حقوق درج ہوں۔

یاد رکھیں: اگر آپ اچھی طرح سے انگریزی نہيں بول پاتے تو سیلزپرسن کی جانب سے آپ سے معاہدے پر دستخط کروانے کی غرض سے آپ کے بچے کو بطور زبانی مترجم استعمال کرنا درست نہيں ہے۔ کسی بھی شئے پر دستخط کرنے سے پہلے آپ کو معاہدے کی اپنی زبان میں نقل کی مانگ کرنی چاہئے۔

میں نے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں اور اب میرا ذہن تبدیل ہوگیا ہے ۔۔۔ میں کیا کرسکتا ہوں؟

اگر آپ گھر گھر جاکر اشیاء بیچنے والے سیلزپرسن سے 100 ڈالر سے زائد مالیت کی اشیاء یا خدمات خریدنے پر رضامند ہوتے ہیں تو آپ کے پاس 10 کاروباری دن ہیں کہ آپ معاہدے کے بارے میں اپنا ذہن تبدیل کرسکیں۔ یہ 'کولنگ آف' مدت کہلاتی ہے۔ اگر، اس مدت کے دوران، آپ فیصلہ کرتےہیں کہ معاہدہ آپ کے لئے مناسب نہيں ہے تو آپ بغیر کسی قسم کے اخراجات کے خریداری کو منسوخ کرسکتے ہیں۔

آپ کے رضامندی ظاہر کرنے سے قبل سیلزپرسن کو اس حق کے بارے میں آپ کو آگاہ کرنا ہوگا۔ اگر کولنگ آف مدت کے دوران آپ اپنا ذہن بدلتے ہیں تو سیلزپرسن یا سپلائر کو اجازت نہيں ہے کہ وہ:

  • آپ سے اپنی کولنگ آف مدت سے 'دستبردار' ہونے (اسے منسوخ کرنے) کا کہے
  • آپ پر دباؤ ڈالے کہ آپ معاہدے پر رضامند ہوجائیں
  • آپ سے منسوخی کی فیس مانگے۔

آپ معاہدہ زبانی یا تحریری طور پر ختم کرسکتے ہيں۔

کوئی آپ کے دروازے پر آکر آپ سے اپنے گیس اور بجلی کے پرووائیڈرز تبدیل کرنے کا کہتا ہے

  • وہ آپ کو بتاتا ہے کہ اس کی کمپنی آپ کو بہت اچھی ڈیل کی پیشکش کررہی ہے اور آپ اچھی خاصی رقم بچاسکتے ہیں۔
  • سیلزپرسن تیزی سے فورا آپ سے معاہدے پر دستخط کروانا چاہتا ہے۔
  • آپ دباؤ میں آکر دستخط کردیتے ہيں۔
  • اگلے دن، آپ یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ آپ کو وہ ڈیل نہيں چاہئے۔

یاد رکھیں:

  • معاہدے پر دستخط کرنے کے لئے دباؤ میں مت آئیں، آپ سیلزپرسن سے کہہ سکتے ہيں کہ وہ آپ کو معلومات دے جائے تاکہ آپ انہيں پڑھ سکیں
  • اگر آپ دستخط کردیتے ہيں اور پھر اپنا ذہن بدل لیتے ہیں تو آپ کے پاس 'کولنگ آف' مدت کے حقوق ہيں
  • 10 کاروباری دنوں کے اندر اندر سیلز کمپنی سے رابطہ کرکے اسے بتائيں کہ آپ نے اپنا ذہن بدل لیا ہے
  • سیلز کمپنی آپ سے ذہن تبدیل کرنے کے باعث کسی قسم کی فیس نہيں لے سکتی۔

دروازوں اور دہلیزوں پر جا کر جعلی اشیاء بیچنے والے ممکنہ جعلسازوں کے بارے میں معلومات کے لئے SCAMwatch ویب سائٹ پر جائیں۔