Buying a new car

Skip listen and sharing tools

مندرجہ ذیل معلومات نئی کار خریدنےکے دوران آپ کو درست فیصلے کرنے میں مدد دیں گی۔

کار خریدنے سے پہلے

1۔ اپنی تحقیق کرلیں

  • اخباروں اور انٹرنیٹ پر اشتہاروں میں دی گئی قیمتوں کا موازنہ کرلیں۔ مختلف کار ڈیلروں کے پاس جائیں۔
  • آپ کار کی قیمت پر بات چیت کرسکتے ہیں، خصوصی طور پر اگر کار استعمال شدہ ہے۔
  • کار میگزینز اور ویب سائٹس سے کار کی پرفارمنس، فیول کا خرچ، حفاظتی فیچرز اور دیگر تفصیلات مل سکتی ہيں۔
  • مختلف کاروں کی دیکھ بھال اور مرمت کے اخراجات کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔ مثال کے طور پر، درآمد شدہ گاڑیوں کی سروس یا مرمت پر زیادہ اخراجات آتے ہیں۔
  • مندرجہ ذیل وسائل سے اچھی معلومات مل سکتی ہیں:

2۔ فنانس اور انشورنس کے لئے مختلف جگہوں پر جائیں

  • کاروں کے زیادہ تر لائسنس یافتہ تاجر فنانس کی پیشکش کرتے ہیں۔ تاہم، یہ آپ کے لئے سستا ترین یا بہترین انتخاب نہیں ہوسکتا۔
  • بینکوں، کریڈٹ یونینز اور قرض فراہم کرنے والے مالیاتی اداروں کے ریٹس اور فیس بھی چیک کریں۔
  • قرض کی منظوری تک کار خریدنے کے معاہدے پر دستخط نہ کریں۔
  • جب آپ کار خریدتے ہیں تو انشورنس حاصل کرنا ایک اچھا آئیڈیا ہے، تاہم یہ ضروری نہيں۔ انشورنس آپ کا ایکسیڈنٹ ہونے یا آپ کی گاڑی چوری ہونے، اسے نقصان پہنچنے یا نقصان پہنچائے جانے کی صورت میں آنے والے اخراجات سے آپ کی حفاظت فراہم کرتی ہے۔
  • آپ اپنی پسند کے کسی بھی پرووائیڈر سے انشورنس لے سکتے ہیں۔ انشورنس کے خرچے کو اپنے بجٹ میں جمع کرنا یاد رکھیں۔
  • انشورنس کا خرچہ مختلف اقسام کی گاڑیوں اور آپ کی ڈرائیونگ کی درجہ بندی کی بنیاد پر مختلف ہوتا ہے۔ اگر آپ 25 سال سے کم عمر ہیں اور آپ گاڑی چلائیں گے یا 25 سال سے کم عمر کوئی اور شخص گاڑی چلائے گا تو ہوسکتا ہے کہ آپ کو زیادہ رقم ادا کرنی پڑے۔

3۔ کار خریدنے کے لئے بہترین طریقے کا انتخاب کرنا

  • عموما، زیادہ تر نئی کاریں لائسنس یافتہ موٹر کار تاجر سے خریدی جاتی ہیں۔
  • تاہم، آپ استعمال شدہ کار نجی فروخت کنندہ یا بولی کے ذریعے بھی خرید سکتے ہیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اپنے لئے بہترین انتخاب کریں۔
  • کئی دفعہ کسی نجی فروخت کنندہ یا بولی سے سستی کار مل سکتی ہے لیکن ایسا کرنے میں زیادہ خطرات ہوسکتے ہيں، چونکہ آپ کو اتنے قانونی حفوق نہيں ملتے جتنے لائسنس یافتہ موٹر کار تاجر سے کار خریدنے پر ملتے ہیں۔ اور ہوسکتا ہے کے کار خریدنے سے قبل آپ اس کا معائنہ بھی نہ کرسکیں۔
  • اگر آپ لائسنس یافتہ موٹر کار تاجر سے کار خریدیں تو آپ کو زیادہ قانونی حقوق ملتے ہیں۔ مثال کے طور پر، معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد آپ تین دن تک اپنا ذہن بدل سکتے ہیں۔
  • جب آپ لائسنس یافتہ موٹر کار تاجر سے کار خریدیں تو آپ کو وارنٹی بھی ملتی ہے۔ وارنٹی کا مطلب ہے کہ کار خریدنے کے بعد اگر کار میں مخصوص خرابیاں پیدا ہوجائيں تو آپ کو ان پر اخراجات اٹھانے نہیں پڑیں گے۔
  • لائسنس یافتہ موٹر کار تاجران اور نجی طور پر فروخت کنندگان دونوں آن لائن کاریں فروخت کرتے ہیں۔ ایسی کار خریدنے میں انتہائی احتیاط سے کام لیں جسے آپ نے ذاتی طور پر نہيں دیکھا۔
  • خریداری سے پہلے کسی ایسے شخص سے کار کی مکینیکل حالت کا تجزیہ کروا لیں جس پر آپ بھروسہ کرتے ہیں۔
  • کار کے آن لائن اشتہار میں کار کی قیمت متوقع قیمت سے کم ہونے کی صورت میں چوکنا رہیں۔ یہ ایک فراڈ ہوسکتا ہے جس کا مقصد آپ سے کار کا ایڈوانس ٹوکن حاصل کرنا ہوسکتا ہے جبکہ حقیقتا کار موجود ہی نہیں۔

کار خریدتے ہوئے

1۔ معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے

  • معاہدے پر دستخط کرنے کے لئے دباؤ محسوس نہ کریں۔ معاہدے کو سمجھنے کے لئے وقت لیں۔ اگر آپ کو اس کی سمجھ نہ آئے تو کسی ایسے شخص کو دکھائيں جو اسے سمجھ سکتا ہو۔
  • کوشش کریں کہ کار کو پہلی نظر میں دیکھتے ہی معاہدے پر دستخط نہ کریں۔ کار خریدنے کی جگہ سے دور جاکر اطمینان سے سوچیں کہ آیا یہ کار آپ کے لئے موزوں ہے۔
  • اگر معاہدے میں کچھ ایسی چیزيں ہيں جن پر آپ رضامند نہيں ہيں تو فروخت کنندہ سے اس بارے میں بات چیت کریں۔ معاہدے کی شقوں میں تبدیلیاں کرنا ممکن ہوتا ہے۔

2۔ آپ کا اپنا ذہن تبدیل کرنا

  • یاد رکھیں، اگر آپ کار خریدنے کے لئے ایک لائسنس یافتہ موٹر کار تاجر کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرتے ہیں تو آپ کو تین کاروباری دنوں کی 'کولنگ آف' مدت ملے گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کار خریدنے پر آپ کے پاس تین کاروباری دنوں کا وقت ہے کہ آپ اپنا ذہن بدل لیں۔
  • اگر آپ تین کاروباری دنوں کے اندر اندر اپنا ذہن تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو تاجر مندرجہ ذیل کٹوتی کرسکتا ہے:
    • 400 ڈالر یا قیمت خرید کا 2 فیصد، جو بھی زیادہ ہو (نئی کار کی صورت میں)، یا
    • 100 ڈالر یا قیمت خرید کا 1 فیصد، جو بھی زيادہ ہو (پرانی کار کی صورت میں)۔

3۔ وارنٹی

  • یاد رکھیں، جب آپ لائسنس یافتہ تاجر سے کار خریدتے ہیں تو آپ کو وارنٹی ملتی ہے۔ وارنٹی مستقبل میں کار میں پیدا ہونے والی خرابیوں کو ٹھیک کروانے پر اٹھنے والے اخراجات سے آپ کو بچاتی ہے۔ نئي کاروں کی وارنٹی کی مدتیں مختلف ہوسکتی ہیں۔ نجی طور پر یا بولی میں بیچی جانی والی کاروں پر کوئی وارنٹیاں نہیں ہوتی۔
  • جب آپ لائسنس یافتہ تاجر سے استعمال شدہ کار خریدتے ہیں تو اسے مندرجہ ذیل صورتوں میں وارنٹی فراہم کرنی ہوتی ہے۔ جب کار:
    • 10 سال سے کم پرانی ہو، اور
    • اور 160,000 کلومیٹر سے کم چلی ہوئی ہو۔
  • استعمال شدہ کار کی قانونی وارنٹی 3 ماہ یا 5000 کلومیٹر، جو بھی پہلے ہو، تک باقی رہتی ہے۔ تاجر کے لئے ضروری ہے کہ وہ وارنٹی کی مدت میں ان خرابیوں کو دور کرے جن پر وارنٹی کا اطلاق ہوتا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ کار اپنی عمر کے لحاظ سے مناسب حالت میں ہے۔
  • اگر آپ کی گاڑی میں کوئي مسئلہ ہے تو قانونی وارنٹی ختم ہوجانے کے بعد بھی آسٹریلیا کے صارفین کے لئے قوانین کے تحت آپ کے حقوق موجود ہيں۔ تاہم، اس کا انحصار کار کی عمر اور حالت جیسی چیزوں پر ہوتا ہے۔
  • ڈیلرز توسیع شدہ وارنٹیوں کی بھی پیشکش کرسکتے ہیں۔ یہ وارنٹیاں، عموما اضافی قیمت پر، مینوفیچکرر کی فراہم کردہ اصل وارنٹی کی مدت میں توسیع کرتی ہیں۔ آپ کے لئے توسیع شدہ وارنٹی لینا لازمی نہيں ہے۔

4۔ پتہ کر لیں کہ آپ درحقیقت کتنی رقم ادا کررہے ہيں

  • جب آپ ایک لائسنس یافتہ کار شوروم سے گاڑی خریدتے ہیں تو یقینی بنائیں کہ آپ کو 'کل' قیمت کا پتہ ہو۔ کل قیمت میں اضافی اخراجات شامل ہوتے ہيں، جیسے اسٹیمپ ڈیوٹی اور رجسٹریشن۔

کار خرید لینے کے بعد

1۔ کار کی سروس کرنا

  • اپنی کار کی سروس باقاعدگی سے کرنے کو یقینی بنائيں۔ ایسا کرنے سے اس کی حالت اور قیمت کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

2۔ کار کی مرمت

  • مکینک کا انتخاب کرتے ہوئے، معلوم کریں آیا وہ RACV اور Victorian Automobile Chamber of Commerce (VACC) جیسی ایسوسی ایشنز کا رکن ہے۔ ایسی ایسوسی ایشنز کے ارکان کو طرزعمل کے قوانین کی پاسداری کرنی ہوتی ہے۔
  • جب آپ کار کو سروس کے لئے لے کر جائیں تو مکینک کو واضح طور پر بتائیں کہ کیا کام کرنے کی ضرورت ہے۔
  • لاگت کا تخمینہ پہلے ہی پوچھ لیں، ترجیحا تحریری طور پر۔
  • کئی دفعہ، مکینک کو کار میں دیگر خرابیاں بھی نظر آجاتی ہیں۔ یقینی بنائيں کہ مکینک ایسا اضافی کام شروع کرنے سے پہلے آپ کو کال کرلے جس کی آپ نے پہلے سے اجازت نہيں دے رکھی۔ مرمت پر رضامند ہونے سے پہلے آپ یقینی بنائیں کہ اس پر بتائی جانے والی لاگت (quote) تحریری شکل میں موجود ہے۔
  • اگر آپ کا اور مکینک کا مرمت کے اخراجات پر تصفیہ نہیں ہوتا تو Consumer Affairs Victoria مسئلہ حل کرنے میں مدد دے سکتا ہے تفصیلات کے لئے ہمارا Resolve a dispute کا صفحہ دیکھیں۔

کرایہ پر کاریں

  • اگر آپ کار کرایہ پر لیتے ہيں تو کار کرائے پر دینے والی کمپنی کی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ یقینی بنائے کہ کار مناسب حالت میں ہے۔
  • کار کرایہ پر لینے کے معاہدے پر دستخط کرنے سے قبل یقینی بنائیں کہ آپ معاہدے کو پڑھ اور سمجھ لیں۔ اگر آپ کو اس کی سمجھ نہ آئے تو کسی ایسے شخص کو دکھائيں جو اسے سمجھ سکتا ہو۔
  • یقینی بنائيں کہ کار کو کسی قسم کا نقصان پہنچنے کی صورت میں کون ذمہ دار ہوگا۔ مثال کے طور پر، انشورنس کس حد تک اخراجات کا احاطہ کرے گی؟

نیوزلیٹر